لائف اسٹائل

ماہرہ کو 'رئیس' کی تشہیر کیلئے نہیں بلوائیں گے: شاہ رخ خان

کنگ خان نےایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے سےملاقات میں وعدہ کیا کہ وہ کسی پاکستانی فنکار کے ساتھ کام نہیں کریں گے، رپورٹس

کبھی ریلیز کی تاریخ کا تنازع تو کبھی قانونی مسائل، ماہرہ خان کی پہلی بولی وڈ فلم ’رئیس‘ کی راہ میں اس قدر رکاوٹیں حائل ہوچکی ہیں کہ ان سب کو اکٹھا کیا جائے تو ایک اور فلم تیار ہوجائے۔

جو لوگ یہ خیال کررہے تھے کہ فلم ’رئیس‘ کا ٹریلر جاری ہوجانے کے بعد بالآخر ماہرہ کے مقابل مرکزی کردار ادا کرنے والے شاہ رخ خان کی پریشانی کم ہوگئی ہے اور اب وہ سکون کا سانس لے سکیں گے، تو ایسا ہر گز نہیں۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کی مطابق شاہ رخ خان نے حال ہی میں مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے سے ان کے گھر پر جا کر ملاقات کی۔

اس موقع پر کنگ خان کے ہمراہ فلم رئیس کے پروڈیوسر رتیش سدھوانی اور ایم این ایس کے فلم ونگ کے سربراہ امیا کھوپکر بھی موجود تھے، اس ملاقات کا مقصد فلم پروموشن میں ماہرہ خان کے متوقع کردار سے متعلق چیزوں کو طے کرنا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگ خان نے راج ٹھاکرے سے وعدہ کیا ہے کہ وہ نہ ماہرہ کو فلم کی تشہیر کے لیے ہندوستان بلوائیں گے اور نہ ہی آئندہ کسی پاکستانی فنکار کے ساتھ فلم میں کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ کی ’رئیس‘ تاخیر کا شکار، وجہ ماہرہ خان؟

بعدازاں ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کا مقصد اس بات کو طے کرنا تھا کہ پاکستانی اس فلم کو پروموٹ کریں گے یا نہیں۔

راج ٹھاکرے کے مطابق فلم رئیس کی ٹیم یہ بتانا چاہتی تھی کہ ان میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں کہ ماہرہ خان کو فلم کی پروموشن کے لیے بھارت واپس بلایا جاسکتا ہے، رئیس ٹیم یہ بتانے آئی تھی کہ کوئی پاکستانی انڈیا نہیں آئے گا اور اب جب تک دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم نہیں ہوجاتی کسی بھی پاکستانی فنکار کو بھارتی فلم میں سائن نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارتی شدت پسند تنظیم نے ماہرہ خان کی موجودگی کی وجہ سے فلم کی اسکریننگ پر پابندی لگانے کی دھمکیاں دی تھیں تاہم اب لگتا یہ ہے کہ وہ فلم رئیس کی تشہیر کے لیے رضامند ہوگئے ہیں مگر صرف اس شرط پر کہ ماہرہ خان اس پروموشن کا حصہ نہیں ہوں گی۔