پاکستان

قومی سلامتی کے اقدامات پر آئی ایس آئی کی پذیرائی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےآئی ایس آئی ہیڈکواٹرکا دورہ کیااورانسداد دہشت گری کےحوالے سےان کے اقدامات کو سراہا۔
|

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں قائم انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ایجنسی کی جانب سے قومی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آئی ایس آئی ہیڈکواٹر کے دورے کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملک کی داخلی اور خارجہ سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: جنرل قمر جاوید باجوہ نئے آرمی چیف مقرر

اس موقع پر انھیں قومی سلامتی کے استحکام اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے آئی ایس آئی کے کردار پر بھی بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور قومی سلامتی کے استحکام، دفاع اور سیکیورٹی کے حوالے سے آئی ایس آئی کے اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔

اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے ان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'نئے آرمی چیف بھی وزیراعظم کی پالیسی پر عمل کریں گے'

جنرل قمر جاوید باجوہ نے یاد گار شہدا پر حاضری دی اور آئی ایس آئی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔