پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے تیزی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے تیزی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 44 ہزار 200 پوائنٹس سے اوپر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دن کے آغاز سے ہی تیزی دکھائی دی اور بینکنگ، ٹیلی کام اور سیمنٹ کے شیئرز میں دھڑا دھڑ خریداری دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی جارہی تھی، آج شیئرز کی خریداری میں تیزی کی ایک بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والا اضافہ تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 55 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے 16 ماہ کی سب سے زائد قیمت ہے۔
خام تیل کی قیمت میں ہونے والے اس اضافے کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی دیکھی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کی مالیاتی حکمت عملی کی منظوری اور ڈیم کی تعمیر کا عمل2017 کے آخر تک شروع کرنے کی ہدایت سامنے آنے کے بعد سیمنٹ کے شیئرز کی خریداری میں بھی واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یاد رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم مکمل طور پر ملکی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا، جس کی سمری سیکریٹری پانی و بجلی کی جانب سے وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جاری کردہ معلومات کے مطابق اس ماہ سیمنٹ کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مقامی فروخت 3 اعشاریہ 27 میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔
جولائی سے نومبر کے دوران سیمنٹ کی مقامی خریداری میں 12 فیصد اضافہ سامنے آیا جبکہ برآمدات میں اعشاریہ 79 فیصد (2.542 میٹرک ٹن) کی کمی ہوئی۔