پاکستان

پشین: سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ، 5 'عسکریت پسند' ہلاک

ضلع پشین کے علاقے کلی حرم زئی میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے، ڈپٹی کمشنر

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

پشین کے ڈپٹی کمشنر طارق الرحمٰن کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پشین کے علاقے کلی حرم زئی میں ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور کارروائی میں 5 عسکریت پسند مارے گئے۔

اس موقع پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری طلب کرلی گئی، جبکہ علاقے کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ میں فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے تاہم عسکریت پسندوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔

تاہم ایک لیویز اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک عسکریت پسندوں کا تعلق ایک کالعدم مذہبی جماعت سے ہے۔

علاقے میں فائرنگ کے تبادلے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، جبکہ آپریشن کے مقام کی طرف کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری جانب ایک سیکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہندوستانی اور افغان انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: فورسز کے قافلے پر حملہ، 6 اہلکار ہلاک

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی نے قندھار میں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کو معاونت فراہم کی ہے تاکہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرسکیں۔

مذکورہ سیکیورٹی افسر کے مطابق دہشت گرد کوئٹہ میں تعلیمی اداروں اور ملٹری ٹریننگ اسکول کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حال ہی میں کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ اسکول پر حملے کی منصوبہ بندی بھی نئی دہلی میں 'را' نے کی تھی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں سیکیورٹی فورسز کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔