ہارٹ آف ایشیا کانفرنس: بھارت اور افغانستان کی پاکستان پر تنقید
بھارت کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا چھٹا وزارتی اجلاس شروع ہوگیا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کررہے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی نے کانفرنس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا اور دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان پر شدید تنقید کی۔
افغان صدر اشرف نے کہا کہ ’میں الزام تراشیوں کا تبادلہ نہیں چاہتا، میں اس بات کی وضاحت چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے‘۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اشرف غنی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کو دہشت گردی سے لڑنے کے لیے امداد چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے افغانستان کی ترقی کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ رقم دہشت گردی کو قابو کرنے کے لیے استعمال ہونی چاہیے‘۔