سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک جعلی پوسٹس کے خلاف متحرک

فیس بک نے اس حوالے سے صارفین کے نیوز فیڈ پر ایسی پوسٹس پر وارننگ لیبلز لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

فیس بک نے آخرکار اپنے صارفین کی جانب سے فرضی یا جھوٹی پوسٹس کے حوالے سے ایک فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔

جی ہاں اب فیس بک پر کچھ بھی اپنی جانب سے جھوٹی یا فرضی پوسٹ کرنے سے پہلے خیال رکھیں کہیں وہ اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے اس نئے فیچر کی زد میں نہ آجائے۔

فیس بک نے اس حوالے سے صارفین کے نیوز فیڈ پر ایسی پوسٹس پر وارننگ لیبلز لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

ان لیبلز پر لکھا ہوتا ہے 'یہ ویب سائٹ قابل اعتبار نہیں جس کی وجہ جلد بتائی جائے گی'، جبکہ کئی جگہ یہ وجہ تحریر ہوتی ہے ' اسٹیٹ اسپانسر نیوز'۔

اس وقت یہ فیچر خاموشی سے محدود صارفین پر آزمایا جارہا ہے جس کا مقصد جعلی پوسٹس کے بڑھتے رجحان کی روک تھام کرنا ہے۔

فیس بک نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا تاہم گزشتہ ماہ مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ ہم اس حوالے سے طریقہ کار پر کام کررہے ہیں جس پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے صارفین کے لیے فرضی پوسٹس کی شناخت کرنا آسان ہوگا جبکہ اس طرح کی غلط معلومات کو پھیلانے سے بھی روکا جائے گا۔

قبل ازیں امریکی صدارتی انتخابات کے بعد یہ الزامات سامنے آئے تھے کہ فیس بک پر جعلی پوسٹس کے نتیجے میں عوامی آراءمتاثر ہوئی۔

اس حوالے مارک زکربرگ نے کہا تھا ' ہم غلط اطلاعات کی ترسیل کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ لوگ مستند معلومات چاہتے ہیں'۔