پاکستان

فلسطینیوں کے خلاف فلم: پاکستانی طیارے کے استعمال کی تردید

پی آئی اے کے طیارے کو فلم پروڈکشن کیلئے کرائے پر دینے کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی خبروں میں صداقت نہیں، ترجمان

اسلام آباد: پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) نے فلسطینیوں کے خلاف بننے والی فلم کی عکس بندی میں طیارے کے استعمال کے حوالے سے ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں کی ترید کردی۔

پی آئی اے کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ ان کے طیارے کو فلم پروڈکشن کیلئے کرائے پر دینے کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی خبروں میں صداقت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلم کی پروڈکشن کے لیے جو طیارہ استعمال کیا جارہا ہے وہ پی آئی اے کے ایئرکرافٹ کے طور پر نہیں بلکہ ایئر فرانس لیوری کے طیارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اپنے زیر استعمال اے 310 کے تمام طیاروں کی فروخت کا منصوبہ بنایا ہے اور اس حوالے سے میڈیا میں ایک اشتہار بھی دیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے ایک میوزیم نے بھی مذکورہ طیاروں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاکہ یورپ میں کام کرنے والی متعدد ایئر کرافٹ کی طرح پی آئی اے کے طیارے کی موجودگی کو بھی علامت کے طور پر دکھایا جاسکے۔

پی آئی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طیاروں کی فروخت کے حوالے حتمی فیصلہ 12 دسمبر کو ہونے والی نیلامی کے بعد ہی کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ میڈیا اور عوام کو اس بات کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جو حکومت کی پالیسی سے اختلاف کرتا ہو۔

خیال رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں ایسی خبریں گردش کررہی تھی کہ فلسطینیوں کے خلاف فلم کی تیاری کیلئے پی آئی اے کا طیارہ استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مذکورہ فلم اسرائیلی طیارے کی ہائی جیکنگ کے حوالے سے بنائی جارہی ہے، اور اس فلم کی شوٹنگ کیلئے پی آئی اے کا طیارہ مالٹا پہچ گیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ پی آئی اے حکام نے طیارہ بھیجے جانے کی تصدیق بھی کی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ مذکورہ فلم 1976 میں ایئر فرانس کے طیارے کی ہائی جیکنگ پر بنائی جارہی ہے جس میں اسرائیلی طیارے کو فلسطینیوں کے ہاتھوں ہائی جیک کرتے ہوئے دیکھایا جائے گا، اس فلم کی شوٹنگ میں پی آئی اے کا طیارہ استعمال کیا جارہا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم کی شوٹنگ جاری ہے جبکہ یہ آئندہ برس ریلیز ہو گی۔