اوبر بمقابلہ کریم : کونسی سروس زیادہ بہتر؟
پاکستان میں بہت جلد وہ دن ختم ہونے والے ہیں جب آپ کسی گلی یا جگہ پر کھڑے رکشہ یا ٹیکسی کے منتظر کھڑے ہوتے تھے، اب اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں متعدد افراد کے لیے سفر کے لیے ٹرانسپورٹ کا حصول انگلیوں کی چند جنبش سے ہی ممکن ہے یعنی اسمارٹ فون نکالا اور ایپ اوپن کرکے گاڑی منگوالی۔
پاکستان میں اس وقت اس طرح کی دو سروسز اوبر اور کریم کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔
دنیا میں اس طرح کی ایپ بیسڈ سروسز کو رائیڈ شیئرنگ کا نام دیا جاتا ہے اور اوبر کو اس حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سمجھا جاسکتا ہے۔
رائیڈ شیئرنگ کیا ہے؟
رائیڈ شیئرنگ سروسز ٹیکسیوں کے متبادل کی خواہش سے سامنے آئیں، کریم اور اوبر جیسی دو بڑی سروسز اس وقت کام کررہی ہیں اور لگ بھگ جہاں بھی یہ کام کررہی ہیں اس شہر کے ہر جگہ ان کو طلب کیا جاسکتا ہے (کریم کچھ علاقوں میں سروس فراہم نہیں کرتی تاہم یہ اسلام آباد میں دستیاب ہے، جبکہ اوبر ابھی لاہور اور کراچی میں ہی ہے)۔ یہ ٹیکسی کی طرح ہی کام کرتی ہیں بس آپ کو ایپ کے ذریعے اپنے قریب موجود کسی گاڑی کو طلب کرنا ہے۔