پان کے بارے یہ سب جانتے ہیں؟
چاہے آپ پان کے شوقین نہ بھی ہوں تو بھی یہ الفاظ جیسے سانچی پتہ، کتھا، چونا، سونف، سپاری اور چھالیہ کے الفاظ ضرور سنیں ہوں گے۔
لفظ تمباکو میری پان کی الفاظ دانی میں اُس وقت شامل ہوا جب پان والے نے میری والدہ کو تمباکو سے بھرا پان تھما دیا حالانکہ وہ سادہ خوشبو کا پان لینا چاہتی تھیں۔
پان کو ماﺅتھ فریشنر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ تمباکو کی بدولت اسے معتدل سرشاری کے لیے بھی کھایا جاسکتا ہے، آج اس پتے کے اندر انواع و اقسام کی اشیاء موجود ہوتی ہیں۔
اگرچہ کتھا، چونا، سونف، سپاری اور چھالیہ اب بھی اس کے ارگرد موجود ہیں، مگر جدید پان کی تیاری میں دیگر متعدد اجزاء کا استعمال بھی ہورہا ہے۔
پان سے ہی آغاز کرتے ہیں، جو کہ ایک بڑے سے دل کی شکل کا سانچی پتہ ہے، جو یہاں بھی اگایا جاسکتا ہے، مگر پھر بھی کوئی پان والا اس بات کو تسلیم نہیں کرے گا کہ جو پتے وہ استعمال کررہا ہے وہ مقامی طور پر اگائے جارہے ہیں، وہ اعلان کرتے ہیں 'انہیں بنگلہ دیش سے درآمد کیا جاتا ہے'۔