کامی سڈ: پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل
اگر مختاراں مائی کی طرح فیشن ویکس میں نمائندگی کا مزید موقع ملا تو ضرور کام کروں گی، خواجہ سرا ماڈل
کئی افراد کامی سڈ کو پاکستان میں خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کی حیثیت سے جانتے ہیں،تاہم اب اس سماجی کارکن نے فیشن کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وقار جے خان کے فوٹو شوٹ میں کامی سڈ نے نفیس اور پراعتماد انداز میں اپنے آپ کو پیش کیا اور یوں وہ پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل بن گئیں۔
کامی کہتی ہیں کہ جب فوٹوگرافر اور ان کے دوست وقار نے انہیں شوٹ کی پیش کش کی تو وہ اس کے لیے مکمل تیار تھیں تاہم ایک غیریقینی کیفیت کا سامنا تھا کہ وہ ایسا کیسے کریں گی۔
کامی کے مطابق، وہ جانتی ہیں یہ نہ صرف ان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا ایک بہترین موقع ہوگا بلکہ ماڈلنگ کے ذریعے وہ معاشرے میں اپنی برادری کو پروقار انداز میں پیش کرسکتی ہیں۔