برہمن آباد، قدیم سندھ کا تجارتی مرکز
برہمن آباد، سندھ کا قدیم تجارتی مرکز
چند دن قبل میں نے سندھ کے ایک قدیم شہر برہمن آباد کا رخ کیا جس سے کئی قصے اور کہانیاں منسوب ہیں۔ ماضی میں زبردست شان و شوکت رکھنے والے اس شہر کی دیواریں خستہ حال ہو کر بکھر چکی ہیں۔
برہمن آباد شہدادپور کے مشرق میں آٹھ میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسے "دلو رائے جا دڑا" کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کسی زمانے میں یہ شہر 12 مربع کلومیٹر تک پھیلا ہوا تھا مگر آج یہ سکڑ کر صرف ایک سے ڈیڑھ کلومیٹر تک رہ گیا ہے۔
اس کی تباہی کے حوالے سے ایک لوک روایت پائی جاتی ہے کہ اس پر حکمرانی کرنے والا راجا دلو رائے تھا جو کہ ایک ظالم بادشاہ تھا اور اس کے ڈھائے جانے والے مظالم کی وجہ سے یہ شہر تباہ ہو گیا۔
میں جب وہاں پہنچا تو میرے پاؤں اس زمین پر پڑے جو اب ٹوٹتی بکھرتی اور ریزہ ریزہ ہونے والی اینٹوں سے سرخ ہو چکی ہے۔ نظر دوڑانے پر کئی کلومیٹرز تک سرخ مٹی یا سرخ اینٹیں دکھائی دے تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ یہ انہی اینٹوں کا قبرستان ہے جو کہ کبھی اس شہر کو سہارا دیے ہوئی تھیں۔