پاکستان

تینوں مسلح افواج میں ہم آہنگی، ’جنرل راحیل کا اہم کردار‘

پاک فوج کے سربراہ نے اپنے الوداعی دوروں میں فضائیہ اور بحریہ کے چیفس سے ملاقاتیں کیں۔

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں مسلح افواج کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہو گا۔

آرمی چیف کے الوداعی دوروں کاسلسلہ جاری ہے، جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا، فضائیہ ہیڈکوارٹرز آمد پرایئر چیف مارشل سہیل امان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آرمی چیف کے الوداعی دورے کے موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے آرمی چیف کا پرنسپل اسٹاف افسران سے تعارف بھی کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتیں شروع

ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ساتھ باضابطہ ملاقات ایئر چیف کے دفتر میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل سہیل امان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملک اور فوج کیلئے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل شریف کا کردار اہم رہا-

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب میں پاک آرمی اور فضائیہ نے یک جان دو قلب کا کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: نئے آرمی چیف کے تقرر کیلئے الٹی گنتی شروع

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کے مؤثر دفاع میں انتہائی کلیدی کردار ادا کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوداعی دورے میں تینوں مسلح افواج کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے مابین تعاون مستحکم ہے۔

آرمی چیف کا پاک بحریہ کے ہیڈ کوارٹر کا الوداعی دورہ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نیول ہیڈ کوارٹرز کے الوداعی دورے پر بھی پہنچنے، جہاں ایڈمرل ذکاءاللہ نے ان کا استقبال کیا۔

پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے آرمی چیف کو سلامی دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا اگلا آرمی چیف کون ہوگا؟

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ذکاء اللہ نے ملاقات کے دوران جنرل راحیل شریف کی شاندار خدمات کو سراہا، آرمی چیف نے پاک بحریہ کے تعاون پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر نیول چیف نے پاک فوج کی خدمتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابیوں نے سیکیورٹی، استحکام اور ترقی پر گہرے اثرات مرتب کئے۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک بحریہ کی خدمتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی کامیابی کے لیے بحری دفاع ناگزیر ہے، جب کہ بحری سرحدوں کے ناقابل تسخیر دفاع میں پاک بحریہ کا کردار اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کوئز: آپ جنرل راحیل کے بارے میں یہ سب جانتے ہیں؟

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مؤثر بحری دفاع کے اقتصادی راہداری پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، پاک بحریہ خطے کی بہترین بحریہ قوت ہے، پاکستان میری ٹائم سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کردار کلیدی ہے۔

آرمی چیف نے کاغلنئی کیمپ میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پرفورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوری ردعمل اور چوکنے رہنے سے کئی قیمتی جانیں بچیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایڈمرل ذکاء اللہ کا کہنا تھا کہ ضرب عضب میں امتیازی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی قیادت کی مرہون منت ہیں۔

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 29 نومبر 2016 کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، جنرل راحیل شریف آج کل اپنے الوداعی دوروں پر ہیں، اس سے قبل آرمی چیف کی شان میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھی عشایہ دیا تھا، گزشتہ روز صدر مملکت نے بھی تینوں مسلح سربراہان کو عشائیہ دیا تھا۔

اس سے پہلے آرمی چیف راحیل شریف خیبر ایجنسی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے نام پراسٹیڈیم کا افتتاح کرنے پہنچے تھے، جنرل راحیل شریف نے اسٹیڈیم کے افتتاح کے بعد قبائلیوں سے ملاقات بھی کی تھی اور قبائلیوں کے عزم کو سراہا تھا۔