میانمار :’فوج مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف‘
ڈھاکہ: اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ذیلی ادارے کا کہنا ہے کہ میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، روہنگیا مردوں اور بچوں کو بے دردی سے قتل، خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ اور گھروں کو جلایا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے پناہ گزین (یو این سی ایچ آر) کے بنگلہ دیش میں موجود عہدیدار جان مک کسک کا کہنا تھا کہ میانمار کی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جاری ظلم و جبر کی وجہ سے 30 ہزار روہنگیا افراد متاثر ہوئے ہیں۔
یو این سی ایچ آر کے نمائندے کے مطابق میانمار میں روہنگیا خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا، مردوں اور بچوں کو بے دردی سے قتل کرکے ان کے گھروں کو جلایا جا رہا ہے، جس وجہ سے روہنگیا لوگ برما سے نکل کر بنگلہ دیش میں پناہ کے لیے آ رہے ہیں۔