خاتونِ خانہ کا ''مثالی خاکہ'' اور عہدِ حاضر
جہاں خواتین ہر شعبے میں درکار ہیں وہاں ہوم اکنامکس میں آئیڈیلزم کاشکار ڈائجسٹس کی دنیا میں بیٹھی بی بی کاخاکہ پیش کیاہے۔
گزشتہ چند دنوں سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور بلاگرز نے جس معاملے کو بے حد سنجیدگی سے توجہ کا مرکز بنا رکھا ہے وہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بُک بورڈ، لاہور سے مارچ 2016 میں شائع ہونے والی آٹھویں جماعت کی ہوم اکنامکس میں دیا گیا "خاتونِ خانہ کے لیے وقت کے گوشوارے کا مثالی خاکہ" ہے۔
تصویر نظر سے گزری تو جو پہلا خیال آیا وہ صرف یہ تھا کہ خاتونِ خانہ ہے یا باندی کہ جسے صرف رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک آرام کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ دوسرا سوال یہ ابھرا کہ خاتونِ خانہ اگر کُل یا جز وقتی ملازم یا ملازمہ رکھتی ہو (جو کہ متوسط گھرانوں میں بھی دستیاب ہیں) تو تین وقت کھانا، دھلائی اور گھر صفائی کا کیا کرنا ہے؟