راحیل شریف نے خود کو بہترین آرمی چیف ثابت کیا، وزیراعظم
نواز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں آرمی چیف جنرل راحیل کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی عشائیے میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت محنت اور عزم و ہمت کی بدولت راحیل شریف بہترین آرمی چیف ثابت ہوئے۔
وزیر اعظم نے آرمی چیف کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیے سے خطاب کے دوران ملکی دفاع کیلئے جنرل راحیل شریف اور ان کے اہلخانہ کی خدمات کو سراہا۔
نواز شریف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو بہترین خدمات پر آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا اور ملک کے دفاع کیلئے ان کا خاندان کی خدمات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ جنرل راحیل شریف سے اسٹریٹیجک مشاورت کرتا تھا اور مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہوں گا۔