کنڈول جھیل — 'لگتا ہے جنت کے قریب آگئے'
وادی سوات کی یہ سب سے بڑی جھیل مہم جوئی کے شوقین اور طالبعلموں کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اپنی جانب کھینچتی ہے۔
آج کل کنڈول جھیل کا درجہ حرارت خون جما دینے والے یعنی منفی 4 سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے، مگر سرد موسم کے باوجود خوبصورت وادی سوات کی یہ سب سے بڑی جھیل مہم جوئی کے شوقین افراد اور طالبعلموں کو موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اپنی جانب کھینچتی ہے۔
اسے کنڈل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جو کوہ ہندو کش میں سطح سمندر سے 9950 فٹ بلندی پر واقع ہے، یہ وادی اتروڑ کے شمال میں 2 کلومیٹر دور موجود ہے جبکہ کالام سے یہ فاصلہ 19 کلو میٹر ہے۔
سوات کے علاقے لدو سے اس برفانی جھیل تک پہنچنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے۔
اس جھیل تک جانے والا راستہ بھی ایسے مناظر سے بھرا ہوا ہے جو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے پر مجبور کردیتے ہیں، گھنے جنگلات، زور و شور سے چلتے جھرنے اور چھوٹی آبشاریں مسلسل فوٹو گرافرز کو اپنے ڈی ایس ایل آرز یا کیمرہ فونز استعمال کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔