'ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارت پاک فوج کے قصے پڑھائے گا'
میرا جینا اور مرنا ملک کے لیے ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہداء کے لواحقین کے لیے وقف کردوں گا، آرمی چیف
خیبر ایجنسی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہندوستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعویٰ کو 'ڈرامہ' قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو بھارتی نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائےجائیں گے۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے نام پر کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاح کے بعد آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے خطاب کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے، جس نے دہشت گردی کا ناسور ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔