پاکستان

'آرمی چیف کی شخصیت کو متنازع نہ بنایا جائے'

وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ پاناما کیس سے آرمی چیف کو جوڑ کر ان کی شخصیت کو متنازع نہ بنایا جائے۔

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور ترجمان وزیر اعظم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاناما کیس سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کوئی تعلق نہیں اور اس مقدمے سے جوڑ کر ان کی شخصیت کو متنازع نہ بنایا جائے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ' نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے پاناما کیس کی سماعت اور آرمی چیف کی رخصتی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے سے آرمی چیف کا کوئی تعلق نہیں اور مدت ملازمت کے اختتام پر انھیں پاناما کیس سے جوڑ کر ان کی شخصیت کو متنازع نہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو متنازع بنانے کے بجائے خراج تحسین پیش کر کے تین سال میں کمائی گئی ان کی عزت کے ساتھ رخصت کرنا چاہیئے۔

مزید پڑھیں:نئے آرمی چیف کے تقرر کیلئے الٹی گنتی شروع

خیال رہے کہ پاناما کیس پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھاکہ پارلیمنٹ یا سپریم کورٹ جہاں بھی کمیشن بنایا گیا، وہ اپنے کاغذات پیش کر دیں گے جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے سپریم کورٹ پر رضامندی ظاہر کیے جانے کے بعد انہوں نے اپنے کاغذات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے۔

اب اگر سپریم کورٹ میں ان کا جرم ثابت ہوا تو وہ وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑ دیں گے اور اگر جرم ثابت نہ ہوا تو وہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر ہی رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما کیس: 'شریف خاندان کی دستاویزات جھوٹ پر مبنی'

سپریم کورٹ میں تمام شہادتیں اور ثبوت پیش کرنے کا وقت آگیا ہے، اس لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تمام شواہد پیش کر دیئے گئے ہیں، جن کو ماننے یا نہ ماننے کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

مزید پڑھیں:قطری شہزادے کا خط اور وزیراعظم کا موقف مختلف: سپریم کورٹ

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت 29 نومبر2016 کو ختم ہو رہی ہے اور وزیر اعظم نواز شریف ملک کے پہلے وزیر اعظم ہیں جو چوتھی بار آرمی چیف کی تقرری کریں گے۔