کھیل

نیوزی لینڈ کی 30 سالہ جمود توڑنے پر نظریں مرکوز

نیوزی لینڈ ہملٹن ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیریز جیتنے کا خواہشمند ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی نظریں ہملٹن ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گرین شرٹس کے خلاف تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ٹیسٹ درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کرائسٹ چرچ یں کھیلے ئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی اور جمعے سے شروع ہونے والا میچ ڈرا کرنے کی صورت میں بھی کیویز سیریز اپنے نام کر لیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 22 سیریز کھیلی گئی ہیں اور اب تک نیوزی لینڈ صرف دو سیریز جیت سکا ہے جس میں سے آخری سیریز 1985 میں جیتی تھی۔

پانچ سال قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ہملٹن میں ہونے والے مقابلے کی دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن 50 رنز کے اضافے سے آٹھ وکٹیں گنوا کر یکدم ڈھیر ہو گئی تھی اور مقابلے میں دس وکٹ سے شکست سے دوچار ہوئی۔

اس اننگز میں وہاب ریاض نے تین وکٹیں لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کیلئے نظر انداز کیے جانے کے بعد انہیں ہملٹن میں کھلائے جانے کا امکان ہے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پاکستانی ٹیم صرف 304 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی تھی اور دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے مصباح الحق سے محروم بیٹنگ لائن کے کاندھوں پر مزید ذمے داری آ پڑی ہے۔

گزشتہ سات سیریز سے ناقابل شکست ٹیم کی قیادت کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان اپنے سسر کے انتقال کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔

لیکن اس کے ساتھ ساتھ سلو اوور ریٹ کے سبب ان پر ایک میچ کی پابندی بھی عائد کردی گئی ہے جس کے سبب اب وہ آسٹریلیا میں ہی ٹیم کی قیادت کر سکیں گے۔

مصباح کی جگہ قیادت کی ذمے داری سنبھالنے والے اظہر علی نے کہا کہ بیٹنگ یونٹ کی حیثیت سے ہمیں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے اور اگلے میچ میں ہمیں بہتر کھیل پیش کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً ہمیں مصباح کی کمی محسوس ہو گی لیکن ہمیں اس چیز پر قابو پانا ہو گا اور ان کی جگہ آنے والے کھلاڑی کو اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے کارکردگی دکھانا ہو گی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے لیکن ٹیم مینجمنٹ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو کھلانے یا نہ کھلانے کے حوالے سے شش و پنج میں مبتلا ہے تاہم اظہر علی نے عندیہ دیا کہ یاسر کو ٹیسٹ میچ سے باہر بھی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وکٹ اور کنڈیشنز دیکھ بہترین گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔

ادھر قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے مصباح الحق کی جگہ شرجیل خان اور محمد رضوان میں سے کسی ایک کھلاڑی کو کھلانے کا عندیہ دیا۔

قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ہم محمد رضوان اور شرجیل خان کی صورت میں ہمارے پاس دو آپشن موجود ہیں لیکن وہ محمد رضوان کو کھلانے کے حامی نظر آئے کیونکہ شرجیل کو کھلانے کی صورت میں پوری بیٹنگ لائن کو تبدیل کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم میں اسپنر مچل سینٹنر کی واپسی ہوئی ہے اور انہیں دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھلائے جانے کا امکان ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ آنکھ کے مسائل سے دوچار روس ٹیلر کو دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے کلیئر کردیا گیا ہے لیکن بورڈ نے احتیاطاً ڈین براؤن لی کو اسکواڈ میں طلب کیا ہے۔

ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ٹامی سمسیک نے بتایا کہ روس ٹیلر کو دونوں اسپیشلسٹ نے کلیئر کردیا ہے اور 77 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مایہ ناز بلے باز ٹیسٹ میچ میں اچھا کھیل پیش کرنے کیلئے پراعتماد ہیں۔

تاہم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد ان کی آنکھ کی انجری ہو گی جس کے سبب وہ چھ ہفتوں کیلئے کرکٹ کے میدانوں سے دور رہیں گے۔