لائف اسٹائل

ماہرہ خان کی والدہ رو پڑیں، وجہ شاہ رخ

ماہرہ نے جب اپنی والدہ کو شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بتایا تو انھیں اس بات پر یقین نہیں آیا تھا۔

بولی وڈ میں کنگ کے نام سے پہچانے جانے والے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنا کوئی معمولی بات نہیں، شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے والی ہر اداکارہ ان کی بڑی مداح بھی ہے اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی ان میں سے ایک ہیں۔

ماہرہ خان بہت جلد بولی وڈ فلم 'رئیس' میں کنگ خان کے ہمراہ ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی، تاہم حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ماہرہ خان سے جب سوال کیا گیا کہ ان کے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی خبر سن کر ان کی والدہ کا کیا ردعمل تھا تو اداکارہ نے اپنی والدہ کی روتے ہوئے نقل اتار ڈالی۔

مزید پڑھیں: 'رئیس' کا کردار ماہرہ کو کیسے ملا؟

ماہرہ خان کے مطابق جب انہوں نے اپنی والدہ کو شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے بتایا تو انہوں نے رونا شروع کردیا اور ان کی بات پر یقین نہیں کیا اور کہا 'تم جھوٹ بول رہی ہو، یہ جھوٹ بول رہی ہے'۔

تقریب میں موجود شائقین بھی ماہرہ خان کو اپنی والدہ کی نقل اتارتا دیکھ کافی متاثر ہوئے۔

راہول ڈھولکیا کی ہدایات میں بننے والی فلم 'رئیس' اگلے سال 26 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس فلم میں ماہرہ خان سے قبل بولی وڈ اداکارہ ہما قریشی کو سائن کرنے کی خبریں تھیں، فلم سازوں کو 'رئیس' میں ایک نئی جوڑی کی تلاش تھی اور ہما اس کردار کے لیے بالکل موزوں نظر آرہی تھیں، لیکن پھر اچانک بازی ماہرہ کے حق میں پلٹ گئی اور انھیں بہترین آڈیشن کی وجہ سے اس کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ ماہرہ خان کی صلاحیتوں سے متاثر

رپورٹس کے مطابق اس کردار کے لیے ایک ایسی اداکارہ کی تلاش تھی جو کردار کو بخوبی سمجھ سکے اور ایک پاکستانی ہونے کے باعث ماہرہ نے اسے بہترین انداز میں نبھایا۔

فلم ’رئیس‘ کی کہانی ایک ایسے گجراتی غنڈے پر بنائی گئی ہے جو بہت بڑا گینگسٹر بن جاتا ہے۔

شاہ رخ اس فلم میں گینگسٹر جبکہ ماہرہ ان کی بیوی کا کردار کر رہی ہیں، اداکار نوازالدین صدیقی بھی اس فلم میں ایک پولیس اہلکار کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔