جونیئرہاکی ورلڈکپ: پاکستان ٹیم انڈیا جائے گی
حکومت پاکستان نے جونیئرہاکی ورلڈ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کو ہندوستان جانے کی اجازت دے دی۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز احمد نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کو جونیئرورلڈ کپ میں شرکت کے لیے این اوسی جاری کردیا ہے۔
شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم دسمبر کے اوائل میں ہی ہندوستان کے لیے روانہ ہوگی۔
واضح رہے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے دو طرفہ کرکٹ سیریز معطل ہے جبکہ رواں سال دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی متاثر ہورہے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت نے ہر میدان میں پاکستان کو تنہا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اس لیے آئی سی سی کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کو ایک گروپ میں نہ رکھے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گزشتہ سال طے سیریز منعقد نہیں ہوپائی تھی جس کے بعد رواں سال ہندوستان میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل قومی ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کے لیے حکومت سے باقاعدہ اجازت طلب کی گئی تھی۔
ہندوستان کے شہر لکھنو میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 8 دسمبر کو ہوگا اور 18 دسمبر تک جاری رہے گا جس کے لیے ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 1979 میں پہلا جونیئر ہاکی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔