شام کی جنگ : تنازع الجھتا جا رہا ہے
85 گروہ جنگ میں شریک ہیں، پاکستان سے بھی کئی لوگ جنگ میں شامل ہونے کے لیے گئے، شام سے نقل مکانی بھی تیز ہوتی جا رہی ہے۔
شام میں جاری خانہ جنگی کو 6 سال گزر چکے ہیں، مگر جنگ اب بھی جاری ہے، جبکہ دمشق حکومت کو یقین ہے کہ آخر میں جیت ان کی ہی ہوگی، کیونکہ شامی فوج کو باغیوں کے خلاف لڑنے کے لیے روس کی فوج کی مدد حاصل ہے۔
دیکھا جائے تو گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ شامی تنازع حل ہونے کے بجائے مزید الجھتا جا رہا ہے، دمشق انتظامیہ کے مطابق شامی سرزمین پر 85 مختلف گروپ جنگ لڑ رہے ہیں۔
شامی حکومت کے لیے خوش آئندہ بات یہ ہے کہ اس کا ملک کے 50 فیصد علاقوں پر کنٹرول ہے، اسلامک اسٹیٹ ( داعش ) کا 25 فیصد جب کہ باقی علاقے مختلف جہادی اور باغیوں کے زیر اثر ہیں، دمشق سے تعلق رکھنے والے صحافی علی ابراہیم کا کہنا ہے کہ حکومت کے لیے یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ اس کے پاس زیادہ آبادی والے علاقوں کا کنٹرول ہے۔