کرائسٹ چرچ میں کیویز کے خلاف پاکستانی بیٹنگ ناکام
میزبان ٹیم کے ڈی گرینڈ ہوم نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں پاکستان کی 6 وکٹیں حاصل کرکے نیا ملکی ریکارڈ قائم کردیا ۔
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
ہیگلی اوول گراؤنڈ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اظہر علی اور سمیع اسلم نے پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی ایک گھنٹے میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
تاہم پراعتماد آغاز کے بعد پاکستانی ٹاپ آرڈر بکھر گیا اور 53 رنز پر ایک وکٹ گنوانے والی ٹیم 56 رنز تک پہنچتے پہچنتے 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
پاکستانی ٹیم مصباح الحق کے ایک اینڈ پر ڈٹے رہنے کے باوجود سنبھل نہ سکی اور 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔