فنٹاسٹک بیسٹس نے ناقدین پر بھی جادو کردیا
ہیری پوٹر سیریز کے جادو کے اثر میں گرفتار افراد کے لیے اس کی اسپن آف یا پریکوئل فلم 'فنٹاسٹک بیسٹس اینڈ ویئر ٹو فائنڈ دیم' 18 نومبر کو ریلیز ہورہی ہے جس کا انتظار دنیا بھر میں بے صبری سے کیا جارہا ہے۔
فلم کی ریلیز سے قبل اس کے بارے میں مختلف جریدوں کی جانب سے ریویوز بھی سامنے آگئے ہیں اور اگر آپ اس جادوئی ایڈونچر کو دیکھنے کا ارادہ کررہے ہیں تو اس بارے میں ناقدین کی آراء ضرور جان لیں۔
تاہم ہم یہ بتا دیں کہ بیشتر ناقدین اس کے جادو کا شکار ہوچکے ہیں، جس میں ہیری پوٹر سیریز میں جو زمانہ دکھایا گیا ہے، اس سے 70 سال پہلے کی کہانی کو بیان کیا گیا جس کا مرکزی کردار ایڈی ریڈ مائن نے ادا کیا ہے۔
اب ناقدین کی آراء جانیں :
یو ایس اے ٹوڈے
ڈائریکٹر ڈیوڈ یاٹس نے دلچسپ انداز سے مضحکہ خیز ہیرو اور میجک لوجسٹ نیوٹ اسکمیندر (ایڈی ریڈ مائن) کو متعارف کرایا، یہ ایک پراعتماد اور حیران حد تک مزاحیہ ایڈونچر ہے جس میں ہیری پوٹر سیریز کی بیشتر فلموں سے زیادہ کشش ہے، متعدد اقسام کے درندے حقیقی لگتے ہیں جبکہ ویژول ایفیکٹس کمال کے ہیں، مجموعی طور پر یہ دیکھنے کے لائق فلم ہے۔
ورائٹی
اس جریدے کا کہنا تھا کہ جادوئی چھڑیوں اور پیارے جانوروں کے نیچے فلم میں عدم رواداری اور غیرملکیوں سے نفرت کی تھیمز موجود ہیں جو کہ ہیری پوٹر کی فلموں میں نظر نہیں آتا۔