کھیل

پاک-نیوزی لینڈ ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر

پہلے دن کا کھیل منسوخ کردیا گیا، دوسرے روز مقررہ وقت سے 30 منٹ پہلے کھیل کا آغاز کیا جائے گا۔

کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا۔

مسلسل بارش کی وجہ سے کرائسٹ چرچ میں ایک گیند بھی نہ پھینکی جاسکی اور پہلے دن کا کھیل منسوخ کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق میچ کے بقیہ چار دنوں میں موسم بہتر رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جبکہ دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 30 منٹ قبل شروع ہوگا۔

عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر فائز پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 30 سال سے زائد عرصے سے بالادستی قائم کر رکھی ہوئی ہے اور کیویز اس عرصے میں کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم سے فتح نہ چھین سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کرائسٹ چرچ میں مشکل وکٹ پاکستانی ٹیم کی منتظر

نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 1985 میں پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد کامیابی ان سے روٹھ گئی اور پاکستان نے پانچ ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی جبکہ تین ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئیں۔

پاکستانی ٹیم کیلئے سب سے پریشان کن امر ٹیسٹ میچ سے قبل میچ پریکٹس کی کمی ہے کیونکہ نیلسن میں شیڈول واحد پریکٹس میچ مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا جبکہ زلزلے کے سبب پاکستانی ٹیم صحیح طریقے سے پریکٹس بھی نہیں کر سکی۔

زلزلے کے جھٹکوں کے سبب دونوں ٹیموں کی پریکٹس میں مستقل رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور پیر کے بعد وقفے وقفے سے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے سبب پریکٹس میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مصباح کی نظریں کیوی بلےبازوں کی خامیوں پر

قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے بلےبازوں کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو امید ہے کہ ہندوستان کے خلاف 0-3 کے وائٹ واش کا سلسلہ تھم جائے گا اور ہوم سیریز میں اس کے اثرات نہیں پڑیں گے تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے ہیں جو ان کے حق میں نہیں ہیں۔

یہ ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کیلئے بھی یادگار ہے جہاں یہ ان کا بطور کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں 50واں ٹیسٹ میچ ہو گا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 16ویں کپتان بنا جائیں گے۔