پاکستان

مشرف کی حمایت میں بینرز، ایم کیو ایم کا اظہارِ لاتعلقی

کراچی پریس کلب کےباہر بینرز میں فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی تصویر نمایاں طور پر ستارے کےاندر چھاپی گئی ہے۔

کراچی: ایک غیر مقبول تنظیم کی جانب سے کراچی میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان اتحاد سے متعلق بینرز آویزاں کیے گئے، جن میں پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی قیادت فاروق ستار اور پرویز مشرف کو دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

غیر مقبول سیاسی جماعت متحدہ قومی جرگہ پاکستان کے نام سے نامعلوم افراد کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے مضبوط گڑھ ضلع وسطی میں بھی پرویز مشرف کی حمایت میں بینرز لگائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پرویز مشرف نامنظور‘، کراچی اور حیدرآباد میں چاکنگ

کراچی پریس کلب کے باہر لگائے گئے پاکستان کے قومی پرچم والے بینرز میں پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی تصویر نمایاں طور پر ستارے کے اندر چھاپی گئی ہے، جب کہ سبز ہلالی پرچم کی طرز پر بنائے گئے بینرز کے کونوں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر فاروق ستار کی تصویریں بھی لگائی گئی ہیں۔

مشرف کی حمایت میں لگائے گئے بینرز میں اردو اور پنجابی میں جاگ مہاجر جاگ، تیری پگ نوں لگ گئی آگ، متحدہ پاکستان اور مشرف بھائی جان، جئے مشرف، جئے پاکستان اور پاکستان زندہ آباد، مشرف زندہ آباد جیسے نعرے لکھے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: مشرف کی قیادت میں ایم کیو ایم کو متحد کرنے کی کوششیں؟

کراچی پریس کلب کے باہر لگائے گئے بینرز پر ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف دیگر کوششیں ناکام ہوجانے کے بعد بینرز لگا کر بچکانہ کوشش کی گئی ہے۔

بینرز پر رد عمل ظاہر کرنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی پارٹی بینرز اور وال چاکنگ کے بجائے عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔


یہ خبر 15 نومبر کو ڈان میں شائع ہوئی