پاکستان ریلویز کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکرز کے حملے
ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کے بعد ڈیڑھ ماہ کے دوران ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، حکام
لاہور: پاکستان ریلوے کی جانب سے نئے ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کے بعد بھارتی ہیکرز نے ریلوے کی ویب سائٹ پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔
ڈائریکٹر آئی ٹی ریلوے فہد رحمٰن نے ڈان نیوز کو بتایا کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ حملے ای ٹکٹنگ کا سسٹم 3 اکتوبر 2016 متعارف کرائے جانے کے بعد شروع ہوئے، 'یہ سوفٹ وئیر پاکستان ریلوے نے خود بنایا ہے'۔
مزید پڑھیں: ٹرین مسافروں، عملہ کیلئے انشورنس پروگرام
انھوں نے کہا کہ جس روز سے ریلوے نے اپنا آن لائن ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا اس پر سب زیادہ آن لائن ٹریفک بھارت سے آرہا ہے اور اسی دوران انڈین ہیکرز نے ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی ہے تاہم وہ ناکام رہے۔