زلزلے سے پہلا ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہو گا
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں شدید نوعیت کے زلزلے کے بعد انجینئرز نے کرائسٹ چرچ کو محفوظ قرار دے دیا ہے جس کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق 17 نومبر سے کھیلا جائے گا۔
وسطی نیوزی لینڈ 7.8 شدت کے زلزلے کے سبب کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے اور سڑکوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ابھی تک سینکڑوں آفٹعر شاکس آ چکے ہیں۔
زلزلے کے مرکز سے قریب ہونے کے سبب کرائسٹ چرچ میں سب سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں 2011 میں 6.3 شدت کے زلزلے میں 185 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے پیر کو کرائسٹ چرچ میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ میچ شیڈؤل کے مطابق ہو گا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پیر کو کرائسٹ چرچ پہنچ گئی ہیں، پاکستانی ٹیم زلزلے کے وقت نیلسن میں موجود تھی اور وہاں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم بہت زیادہ خوفزدہ ہو گئے تھے۔ ہم ہوٹل کی ساتویں منزل ہر موجود تھے اور تمام کھلاڑی بھاگتے ہوئے سیڑھیوں سے اترے اور اکثر کھلاڑی گزشتہ رات ٹیم کے کمرے میں سوئے کیونکہ خوف کی وجہ سے وہ اپنے کمروں میں جانے کیلئے تیار نہیں تھے۔