پاکستان

شادی سے انکار پر سابقہ منگیتر کا قتل

ملزم نے والدین کےگھر آئی ہوئی خاتون کو گھر سے باہر بلاکر گولی مار کر قتل کردیا،جسے پڑوسیوں نے پکڑ کر پولیس کےحوالے کیا۔

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قریب ایک شخص نے شادی سے انکار کرنے پر ایک خاتون کو گولی مار کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق جالیاں والہ گاؤں کی رہائشی 25 سالہ رمضانہ بی بی کی آصف نامی شخص سے منگنی ہوئی تھی تاہم بعدازاں دونوں خاندانوں نے کسی تنازعے کے بعد منگنی ختم کردی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ آصف اور اس کے خاندان نے مسئلے کو سلجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے اور خاتون کے گھر والوں نے اس کی شادی کہیں اور کردی۔

اتوار 13 نومبر کو رمضانہ اپنے والدین کے گھر آئی، جب آصف بھی وہاں پہنچ گیا۔

ملزم نے خاتون کو گھر کے باہر بلوایا اور اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا، اس موقع پر اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پڑوسیوں نے اسے پکڑ لیا۔

بعدازاں پڑوسیوں نے پولیس کو مطلع کیا، جس نے جائے وقوع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا، جبکہ خاتون کی لاش کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کنٹونمنٹ ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) طاہر رحمٰن کا کہنا تھا کہ لڑکی کی جانب سے شادی کی پیشکش ٹھکرائے جانے کے بعد ملزم شدید مایوس ہوگیا تھا اور اسی وجہ سے اس نے اسے قتل کیا۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کیا۔

یہ خبر 14 نومبر 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی