پاکستان

ملتان: اسکول میں 'اچانک' مشقوں سے طلبہ، والدین خوفزدہ

پولیس کے مطابق مشقوں سے قبل اسکول انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھا، طلبہ اور والدین کا لاعلمی کا اظہار
|

ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایک اسکول میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جس سے 'لاعلم' والدین پریشان ہوکر اسکول پہنچ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملتان کے ایک نجی اسکول میں طلبہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے تیاری کے لیے مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان مشقوں سے قبل اسکول انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھا—۔ڈان نیوز

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان مشقوں سے قبل اسکول انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تھا اور باقاعدہ میٹنگ میں ان مشقوں کے انعقاد کی تمام تفصیلات بیان کی گئی تھیں، لیکن اسکول نے اس حوالے سے بچوں کے والدین کو کسی بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ نہیں کیا۔

مشقوں کا اچانک آغاز ہونے پر اسکول میں موجود طلبہ خوفزدہ ہوگئے اور چیخ و پکار کرنے لگے جبکہ اسکول کے باہر پولیس کی بھاری نفری دیکھ کر بچوں کے والدین پریشان ہوگئے اور افواہیں سن کر اپنے بچوں کو لینے اسکول آپہنچے۔

والدین نے اسکول کی جانب سے انہیں لاعلم رکھے جانے پر غم و غصے کا اظہار کیا، تاہم والدین کو لاعلم رکھنے پر اسکول انتظامیہ کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آسکا۔

مزید دیکھیں: پنجاب یونیورسٹی میں مشقوں کے دوران طالبات نے ڈر کر دوڑ لگا دی

خیال رہے کہ رواں برس 20 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر شدت پسندوں کے حملے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اس حملے نے 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں ہونے والے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کی یاد تازہ کر دی کیونکہ یہ حملہ بھی اسی طرز پر کیا گیا تھا.

ان حملوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اس سے قبل بھی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

رواں سال جنوری میں لاہور کی پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والی مشقوں میں بھی کچھ اس طرح کی صورتحال دیکھنے میں آئی تھی جب پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی غیر اعلانیہ ریہرسل کی گئی تھی، لیکن انتظامیہ اور طلبہ کی بے خبری کی وجہ سے یونیورسٹی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور طالبات نے خوف کے عالم میں یونیورسٹی سے باہر دوڑ لگا دی تھی۔