نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کا زلزلہ
کرائسٹ چرچ میں مقامی حکومت نے سونامی کی وارننگ جاری کی اور امدادی کام شروع کردیا۔
نیوزی لینڈ کے جنوبی علاقے پر واقع ساحلی شہر کرائسٹ چرچ سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دو افراد ہلاک ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے روانہ کردیا گیا ہے اور ہیلی کاپٹر بھی بھیجے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ سونامی کی مزید لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پاکستان کی ویمن اور مینز کرکٹ ٹیمیں بھی نیوزی لینڈ میں سیریز کے لیے موجود ہیں جہاں زلزلے کے بعد دونوں ٹیموں کو بحفاظت ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا۔