سائنس و ٹیکنالوجی

مارک زکربرگ فیس بک پر غلطی سے 'مردہ' قرار

وفات پاجانے والے افراد کی پروفائل کیلئےمخصوص پیغام مختصر وقت کے لیے دیگرفیس بک اکاؤنٹس پر پوسٹ ہوگیا،جسےدرست کرلیا گیا۔

سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے بانی مارک زکربرگ سمیت دیگر متعدد صارفین کو 'مردہ' قرار دے دیا تاہم اس 'خوفناک غلطی' کا احساس ہوتے ہی اسے درست کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیس بک کے ترجمان نے بتایا کہ 'وفات پاجانے والے افراد کی پروفائل کے لیے مخصوص پیغام بہت مختصر وقت کے لیے دیگر فیس بک اکاؤنٹس پر پوسٹ ہوگیا۔'

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 'یہ ایک خوفناک غلطی تھی، جسے اب درست کرلیا گیا ہے'۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طرح کے تقریباً 2 ارب پیغامات پروفائل پیجز پر شیئر ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:فیس بک کے بانی کو ایک دن میں 3 ارب ڈالر کا نقصان

دلچسپ بات یہ کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی پروفائل پربھی یہ پیغام پوسٹ ہوگیا، جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ جو لوگ ان سے محبت کرتے ہیں، انھیں دیگر لوگوں کی جانب سے خراج عقیدت کے طور پر کی گئی پوسٹس کو دیکھ کر سکون ملے گا۔

بس پھر کیا تھا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس حوالے سے پیغامات کی بھرمار شروع ہوگئی اور #FacebookDead کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لوگوں نے ٹوئیٹس شروع کردیں۔

ایک صارف نے روتے ہوئے ایموجیز کے ساتھ لکھا، 'بدقسمت مارک، ایک اچھے انسان کے ساتھ یہ نہیں ہوسکتا'۔

دوسری جانب سرچ انجن لینڈ اور مارکیٹنگ لینڈ کے بانی ایڈیٹر ڈینی سولیوان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا، ' مجھے فیس بک لائیو استعمال کرنا چاہیے تھا تاکہ یہ پتہ چلتا کہ فیس بک پر میری موت کیسے ہوئی'۔

ایک صارف کا کہنا تھا، 'میرا خیال ہے کہ یہ فیس بک کی جانب سے ان لوگوں پر شدید تنقید کی ایک کوشش ہے جو اندر اندر ہی مر گئے تھے'۔

انھوں نے مزید کہا، ' میں اپنا فیس بک اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنے جارہا تھا، لیکن میں تو مر چکا ہوں'۔

غلطی سے پوسٹ ہونے والے ان یادگاری نوٹسز میں ایسے فارمز کے لنک دیئے گئے تھے جن کی مدد سے لوگ اپنے ان پیاروں کی پروفائل پر پیغامات دے سکتے ہیں، جن کا انتقال ہوچکا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: مارک زکر برگ بھی ہیکرز کے حملے سے نہ بچ سکے

کچھ لوگوں نے اسے تکنیکی خرابی کے بجائے پروموشن بھی تصور کیا، تاہم بعدازاں فیس بک نے اس 'غلطی' پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس نے جلد از جلد اس مسئلے کو درست کرنے کے لیے کام کیا۔