اوپن یونیورسٹی: امتحان میں نامناسب سوال پر تحقیقاتی کمیٹی قائم
بہار 2016 کے تحت انگریزی زبان کے میٹرک کے پرچے میں طلبہ سے اپنی بڑی بہن کی شخصیت پر مضمون لکھنے کو کہا گیا تھا۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے میٹرک کے پرچے میں طلبہ سے نامناسب سوال پوچھے جانے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی۔
واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بہار 2016 کے تحت انگریزی زبان کے میٹرک کے پرچے میں شامل سوال نمبر 5 پر طلبہ کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو شکایات درج کروائی گئی تھیں۔
مذکورہ سوال میں طلبہ سے اپنی بڑی بہن کی شخصیت پر مضمون لکھنے کو کہا گیا تھا، جس میں اس کی عمر، قد، شکل و صورت، جسمانی خدوخال اور برتاؤ وغیرہ کو بھی تفصیل سے بیان کرنے کو کہا گیا۔