کاروبار

پاکستان کی شرح نمو 5.4 فیصد تک پہنچ جائے گی:عالمی بینک

رواں مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 4.7 فیصد رہی جو گزشتہ 8 سال میں سب سے زیادہ ہے، رپورٹ

عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ سال 2018 میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 5.4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 4.7 فیصد رہی جو گزشتہ آٹھ سال میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے رواں سال جرات مندانہ طور پر اقتصادی ترقی کا ہدف 5.7 فیصد مقرر کیا ہے۔

رپورٹ میں معیشت کی بحالی کے لیے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اقتصادی استحکام کے حصول کے عمل میں اچھی پیش رفت جاری ہے، موجودہ دور حکومت میں توانائی اور ٹیکسیشن کے شعبوں میں بہتری آئی، جبکہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے کا آغاز بھی پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات ڈال رہا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ دہائی کے دوران غربت میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور 2002 میں خط غربت کی شرح 64.3 سے کم ہو کر 2014 میں 29.5 فیصد تک آگئی تھی۔