چین میں بازو میں کان اگانے کا کامیاب تجربہ
ڈاکٹر گیو شیزونگ نے متاثرہ شخص کی پسلیوں کی نرم ہڈی سے نیا کان تیار کیا اور ابتدائی طور پر بازو میں لگا دیا۔
چین میں ایک پلاسٹک سرجن نے کامیابی سے مصنوعی کان ایک شخص کے بازو میں اگانے کا کامیاب تجربہ کیا جس نے دنیا بھر کو حیران کردیا ہے۔
چینی روزنامے پیپلز ڈیلی کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبے شانسی کے علاقے ژیان میں پیش آیا جہاں جی (پورا نام نہیں بتایا گیا) نامی شخص ایک حادثے کے نتیجے میں اپنے دائیں کان سے محروم ہوگیا۔
ڈاکٹر گیو شیزونگ نے متاثرہ شخص کی پسلیوں کی نرم ہڈی کو استعمال کرتے ہوئے نیا کان تیار کیا اور ابتدائی طور پر بازو میں لگا دیا۔
چونکہ حادثے کے نتیجے میں مریض کے چہرے کے دائیں جانب شدید زخم آئے تھے اور کئی آپریشنز بھی ہوچکے ہیں تاکہ جلد اور گالوں کو بحال کیا جاسکے، اسی لیے کان کو بازو میں لگایا گیا۔