پاکستان

شیخ رشید کی نااہلی کے معاملہ، جلد سماعت کی درخواست

مسلم لیگ نواز کے سابق ایم این اے نے سپریم کورٹ میں شیخ رشید کی نااہلی کے معاملے پر جلد سماعت کی درخواست دائر کردی۔
|

اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے سابق رکن قومی اسمبلی شکیل اعوان نے سپریم کورٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی کے معاملے پر جلد سماعت کی درخواست دائر کردی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نواز کے سابق ایم این اے شکیل اعوان نے سپریم کورٹ میں ٹریبیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، جس میں انھوں نے شیخ رشید پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا تھا۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: این اے 89: شیخ اکرم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم

شکیل اعوان نے سپریم کورٹ میں دائر ان کی درخواست کی جلد سماعت کے لیے ایک اور درخواست جمع کرادی۔

ادھر راولپنڈی کی مقامی عدالت نے شیخ رشید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج چوہدری باسط علیم نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نااہلی کیلئے شیخ رشید بھی میدان میں

سی پی او نے عدالت میں تحریری بیان جمع کرایا کہ پولیس کو شیخ رشید کے خلاف اندراج مقدمہ کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، عدالت نے مدعی مقدمہ کو تھانے سے رجوع کرنے کے ہدایت دے دی۔

عدالت نے مدعی مقدمہ کو تھانے میں درخواست دینے کے احکامات جاری کرکے ان کی درخواست نمٹادی۔