دنیا

کار سے بھی مہنگی نمبر پلیٹ

امارات کے امرا اکثر اپنے پسند کے نمبر کی نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے پیسہ پانی کی طرح بہاتے دکھائی دیتے ہیں

امارات کی سڑکوں پر دوڑتی بھاگتی، مہنگی گاڑیوں کی چمک دمک ایک عدد پر مشتمل خصوصی لائسنس پلیٹ کے بغیر ادھوری ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک کے امراء اکثر و بیشتر اپنے پسند کی نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے پیسہ پانی کی طرح بہاتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا جب دبئی کے پراپرٹی ڈیویلپر بلوندر ساہنی نے اپنی گاڑی کے لیے پانچ نمبر کی سجی سنوری نمبر پلیٹ خریدنے کے لیے تقریباً 9 ملین ڈالر (33 ملین درہم) خرچ کرڈالے۔

بلوندر ساہنی اس سےپہلے بھی ایک مہنگی نمبر پلیٹ خرید چکے ہیں— فوٹو: سی این این

بلوندر ساہنی نے گذشتہ ماہ ایک حکومتی نیلامی میں یہ نمبر پلیٹ اپنے لیے خریدی، نمبر پلیٹ کی خریداری کے لیے صرف کی جانے والی یہ رقم مہنگی ترین بولیوں میں سے ایک ہے تاہم اب بھی یہ 2008 میں قائم کیے گئے 14 ملین ڈالرز کے ریکارڈ سے کم ہے۔

بلوندر ساہنی کی اس اہم خریداری نے انہیں لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنادیا، اور اب وہ جب باہر نکلتے ہیں لوگ ان کے اور ان کی اسے مہنگی نمبر پلیٹ سے سجی گاڑی کے ساتھ تصاویر لینے کی فرمائش کرتے ہیں، کچھ لوگ تو اسے بلوندر کی فضول خرچی بھی قرار دے رہے ہیں۔

بلوندر اس سے قبل گذشتہ سال بھی ایسی ہی ایک نمبر پلیٹ خرید چکے ہیں، 2015 میں 9 نمبر کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کے لیے بلوندر نے 6.7 ملین ڈالرز (24.5 ملین درہم) خرچ کیے تھے۔

اب تک کی مہنگی ترین نمبر پلیٹ 2008 میں 14 ملین ڈالرز میں نیلام ہوئی — فوٹو: خلیج ٹائمز