کھاریاں میں پاک فوج کی مشقوں کا انعقاد
پاک فوج نے آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری کے لیے رات کی تاریکی میں منعقد کی گئی فوجی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں-گجرانوالہ کے قریب جاری ان فوجی مشقوں کا جائزہ لیا۔
جنرل راحیل شریف کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ورچوئل وار روم کے ذریعے ان مشقوں کے مقاصد اور انداز سے متعلق بریف کیا گیا، بعد ازاں آرمی چیف نے رات میں فیلڈ کا معائنہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ یہ فوجی مشقیں مرکزی اور سدرن کمانڈ کی زیر نگرانی جاری ہیں جن کا مقصد آپریشنل پلانز اور جنگی صلاحیتوں میں بہتری لانا ہے۔
سینٹرل کمانڈ کے انفینٹری اور میکانائزڈ کالمز اور ان سے ملحقہ جوانوں سمیت پنجاب رینجرز ان مشقوں میں حصہ لے رہی ہے۔
آرمی چیف نے تربیت کے بہترین معیار اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے مشقوں میں شریک جوانوں کے جوش و جذبے کی بھی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی نے خود کو دنیا کی بہترین فوج ثابت کیا: آرمی چیف
اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ کمانڈر سنٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر درانی، کمانڈر گجرانوالہ کورپس لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن (آئی جی ٹی ای) لیفٹیننٹ جنرل قمر باجوہ بھی موجود تھے۔