پاکستان

متحدہ بانی تقاریرکیس:میئرکراچی کی ضمانت منظور

وسیم اختر کو 38میں گرفتار کیاگیا، 37میں ضمانت ہوگئی جبکہ دہشت گردوں کو علاج فراہم کرنے کے کیس میں ضمانت ہونا باقی ہے۔

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے متحدہ بانی کی اشتعال انگیز تقاریر سننے اور تقاریر میں معاونت فراہم کرنے کے کیس میں نامزد کراچی کے منتخب میئر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما وسیم اختر کی ضمانت منظور کرلی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماء اور میئر کراچی پر 39 مقدمات ہیں، جن میں 38 میں ان کو گرفتار کیا گیا ہے، اب تک 38 مقدمات میں سے 37 کیسز میں وہ ضمانت حاصل کرچکے ہیں، ان مقدمات میں سانحہ 12 مئی، الطاف حسین کی تقاریر میں معاونت کا کیس اور ڈاکٹر عاصم کے ہسپتال میں دہشت گردوں کے علاج کا کیس شامل ہیں۔

وسیم اختر ڈاکٹر عاصم کے ضیاالدین ہسپتال میں دہشت گردوں کو علاج فراہم کرنے کے کیس میں تاحال ضمانت حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

وسیم اختر نے رواں سال 30 اگست کو باغ قائد اعظم میں کراچی کے میئر کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے جیل سے شہر قائد کی میئر شپ کا انتخاب جیت کر حلف اٹھایا، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے وسیم اختر کے خلاف 6 جماعتی اتحاد کا امیدوار موجود تھا۔

میئر کے انتخاب کے لیے 294 ڈالے گئے ووٹوں میں سے وسیم اختر کو 208 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کرم اللہ وصی صرف 86 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔

واضح رہے کہ وسیم اختر کو 19 جولائی کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کے ہسپتال میں دہشت گردوں کے علاج کے کیس میں ان کی قبل از ضمانت گرفتاری کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کے وسیم اختر کراچی کے میئر منتخب

یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے رواں برس 12 جولائی کو لندن سے ایک ٹیلیفونک خطاب میں رینجرز کو سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے فوج پر شدید تنقید کی تھی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج بشیر احمد کھوسو کی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد کے متنازع بیانات اور تقاریر پر الطاف حسین جبکہ ان کی معاونت پر ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر سمیت اراکین قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، ریحان ہاشمی، سلیمان مجاہد، سینیٹر نسرین جلیل، سینیٹر طاہر مشہدی، رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، خوش بخت شجاعت، حیدر عباس رضوی و دیگر رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں: نامزد میئر کراچی کے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

ایم کیو ایم نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن جیتنے کے بعد وسیم اختر کو کراچی کا میئر نامزد کیا تھا اور وسیم اختر کے خلاف ڈاکٹر عاصم کیس سمیت الطاف حسین کی متنازع تقریر میں معاونت پر متعدد بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔