افغان 'مونا لیزا' کو پاکستان بدر کرنے کا حکم
پشاور کی انسداد کرپشن اور امیگریشن کی خصوصی عدالت نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کا جرم ثابت ہونے پر عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
خصوصی عدالت کی جانب سے شربت گل کو 15 دن قید کی سزا اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
شربت گل کے وکیل مبشر نے بتایا کہ ملزمہ نے عدالت میں اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شربت گل پہلے ہی 9 دن جیل میں گزار چکی ہیں اور اب پاکستان بدر ہونے سے قبل وہ مزید 6 دن جیل میں گزاریں گی۔
شربت گل کو گذشتہ ماہ 26 اکتوبر کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں حراست میں لیا تھا، جس کے بعد 28 اکتوبر کو انھیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: جعلی شناختی کارڈ: افغان 'مونا لیزا' پشاور سے گرفتار
بعدازاں شربت گل کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم خصوصی عدالت نے 2 نومبر کو افغان خاتون کی درخواست ضمانت پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔