’اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے‘
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز، طلال چوہدری اور وزیر مملکت محمد زبیر کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں تعلیمی ادارے، تجارتی مراکز، دفاتر، ہسپتال اور سڑکیں کھلی رہیں۔
دانیال عزیز نے کہا کہ ’عمران خان کے پورے خاندان کا نام پاناما لیکس میں شامل ہے، جبکہ احتساب کا نعرہ وہ لگا رہے ہیں جن کا خود احتساب ہونا چاہیے۔‘
محمد زبیر نے پیش کش کی کہ ’عمران خان 10 لاکھ افراد لے آئیں، احتجاج کے لیے جگہ فراہم کردیں گے، ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ کسی صورت اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ’صوبائی حکومت پہلی بار اپنے وفاق پر چڑھائی کرنےچلی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کےقافلے پر پولیس کی شیلنگ
’عمران خان کی کال پر صرف چند سو کارکن بنی گالہ پہنچے‘
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی کال پر صرف 400 سے ساڑھے 450 کارکن بنی گالا پہنچے ہیں، جس کے بعد میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ یہ ہے آپ کی طاقت؟ اس طاقت پر آپ کہتے تھے کہ میں اسلام آباد بند کردوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ نے جہاں جلسہ کرنے کا کہا پنجاب حکومت نے آپ کو موقع دیا، ہم نے سسٹم اور جمہوریت کی خاطر آپ کو موقع دیا، جبکہ ہمیں اس بات کی فکر ہے کہ ملک سے جمہوریت ڈی ریل نہ ہو۔‘