پاکستان

بہاولنگر: نجی اسکول کے باہر طالب علم کی فائرنگ

ہارون آباد میں واقع نجی تعلیمی ادارے کے طالب علم نے اپنے ہی اسکول کے باہر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگیا، ڈی پی او

صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں نجی اسکول کے ایک طالب علم نے اپنے ہی اسکول کے باہر فائرنگ کردی۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) لیاقت علی ملک نے ڈان نیوز کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد میں پیش آیا۔

ڈی پی او کے مطابق مذکورہ طالب علم اسکول کے باہر 3 گولیاں فائر کرکے موقع سے فرار ہوگیا۔

فائرنگ کے بعد اسکول کا گارڈ الرٹ ہوگیا جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسکول کو فوری طور پر خالی کروایا۔

واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔

مزید پڑھیں:فیصل آباد: گرلز اسکول کے باہر فائرنگ، طالبات خوفزدہ

یاد رہے کہ دسمبر 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے ملک بھر میں اسکولوں کی سیکیورٹی سخت بنانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود بھی اکثر و بیشتر اسکولوں کے باہر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں فیصل آباد میں لڑکیوں کے ایک سرکاری اسکول کے باہر ہوائی فائرنگ کے بعد خوف ہراس پھیل گیا تھا۔