پاکستان

حکمران خود کو وی وی آئی پی سمجھتے ہیں، سراج الحق

کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوگیا ہے، حکمران کماتے پاکستان میں اور چھپاتے بیرون ملک ہیں، امیر جماعت اسلامی
|

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی) کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران خود کو وی وی آئی پی سمجھتے ہیں۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جماعت اسلامی کی ’کرپشن مٹاؤ، ملک بچاؤ‘ ریلی سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غریبوں کے پاس وسائل نہیں ہیں، غریبوں کے گھروں میں خوشحالی نہیں ہے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوگیا ہے، حکمران کماتے پاکستان میں اور چھپاتے بیرون ملک ہیں۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی صرف ٹی وی اور تقریروں میں ہے۔

کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہیدوں کی میت گاڑیوں کی چھتوں پر جا رہی ہیں جبکہ حکمران ہیلی کاپٹرز پر سوار ہیں، بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھنے والا کوئی نہیں ہے، بلوچستان کے بچے تعلیم اور نوجوان روزگار مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ملک کے ہر بچے کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دیں گے۔

— فوٹو: بشکریہ جے آئی پی