کھیل

پاکستان ایشین ہاکی چمپیئنزٹرافی کے فائنل میں

سیمی فائنل میں دفاعی چمپیئن پاکستان نے ملائیشیا کو پنالٹی شوٹ پر شکست دی اور فائنل میں ہندوستان سے مقابلہ ہوگا۔

دفاعی چمپیئن پاکستان نے ایشین ہاکی چمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کےبعد شکست دے دی جبکہ فائنل میں روایتی حریف ہندوستان سے مقابلہ ہوگا۔

ملائیشیا کے شہر کوائنٹن میں جاری ایشین ہاکی چمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو پنالٹی شوٹ پر 2-3 گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

ملائیشیا کی جانب سے میچ کے دوسرے ہاف میں شاہریل صباح نے گول کرکے برتری حاصل کی جس کو پاکستان ٹیم نے 34 ویں منٹ میں عبدالحسیم خان کے گول کی مدد سے مقابلے کو 1-1 سے برابر کردیا۔

دونوں ٹیمیں مقررہ وقت کے اختتام تک ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے میں ناکام رہیں جس کے باعث میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ پر ہوا۔

پاکستان کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو پنالٹی شوٹ میں 2-3 سے کامیابی دلادی۔

ایشین چمپیئنزٹرافی کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف ہندوستان سے ہوگا۔

ہندوستان کی ہاکی ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو پنالٹی شوٹ پر شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں

واضح رہے دونوں ٹیمیں گروپ میچ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں جہاں ہندوستان کی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا تھا اور دفاعی چمپیئن کو شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی تھی۔

پاکستان نے گروپ میچوں میں چین، جنوبی کوریا اور جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی تاہم میزبان ملائیشیا کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔