کراچی: وزیراعظم نوازشریف نے اہم خبر کے حوالے سے کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز رشید کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔
ذرائع سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق پرویزرشید سے دو روز قبل وزارت اطلاعات واپس لی جاچکی تھی جس کے بعد وہ اپنے دفتر نہیں جارہے تھے جبکہ سرکاری امور بھی انجام نہیں دے رہے تھے۔
وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ سیرل المیڈا کی خبر کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی تفتیش کررہی ہے، تاہم تمام ذمہ داریاں پرویز رشید پر نہیں ڈالی گئی لیکن غلط خبر کی وجہ سے ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا چوہدری نثار خبر کے حوالے سے میڈیا کو باقاعدہ آگاہ کریں گے۔