شربت گل کی گرفتاری پر افغانستان کو تشویش
پشاور: افغان حکومت نے عالمی شہرت یافتہ خاتون شربت گل کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کو پاکستانی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور میں افغان قونصلیٹ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت اس معاملے پر پاکستانی عدالت سے رجوع کرے گی اور افغان شہری شربت گل کو وکیل اور قانونی معانت بھی فراہم کی جائے گی۔
مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ شربت گل ایک افغان شہری ہے اور اسلام آباد میں واقع ہمارا سفارت خانہ ان کی جلد از جلد رہائی کے لیے اس معاملے کو پاکستانی دفتر خارجہ کے سامنے اٹھائے گا۔
مذکورہ عہدیدار نے مزید بتایا کہ شربت گل کے اہلخانہ کے مطابق ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند ہیں۔
مزید پڑھیں:جعلی شناختی کارڈ: افغان 'مونا لیزا' پشاور سے گرفتار
یاد رہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گذشتہ روز جعلی شناختی کارڈ بنانے پر عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل کو پشاور سے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شربت گل کو جعلسازی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 420 اور انسداد کرپشن کی دفعہ 5 (2) کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔
اس سے قبل رواں ماہ 21 اکتوبر کو ایف آئی اے نے شربت گل کو غیرقانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 3 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:افغان 'مونالیزا' کوشناختی کارڈ جاری کرنیوالے افسران کےخلاف مقدمہ