’پاکستانی فلمیں بولی وڈ اور ہولی وڈ سے بہت صاف ہوتی ہیں‘
انٹرنیٹ پر پسند کیے جانے والے زید علی جنہیں زید علی ٹی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک طویل عرصے سے اپنی مزاحیہ ویڈیوز سے لوگوں کا دل جیتتے آرہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تقریباً 50 لاکھ فولوورز کے ساتھ 21 سالہ زید علی اپنی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں جس کا اسکرپٹ، ہدایت کاری اور اس میں اداکاری سب وہ خود ہی کرتے نظر آتے ہیں۔
زید اس وقت کینیڈا میں اپنے گھر سے پاکستانی ہم ٹی وی کے اسٹائل ایوارڈز میں شرکت کے لیے آئے ہیں، جو 28 اکتوبر کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقد کیے جائیں گے۔
زید اپنی ویڈیوز میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اور ہندوستانی لوگوں کی مزاحیہ حرکتوں کا مذاق اڑاتے ہیں جن کے لیے کئی مرتبہ ان پر دقیانوسی ہونے اور مذاق کرنے کے خیالات چرانے کے لیے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کے پسند کرنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
ذاتی زندگی میں زید اپنی ویڈیوز سے بالکل برعکس ایک شرمیلے نوجوان ہیں، وہ اپنی ویڈیوز کے ذریعے صرف لوگوں کو ہنسانے کا کام کررہے ہیں، تاہم اپنی ذاتی زندگی کو کسی کے سامنے نہیں لاتے۔
ڈان نے حال ہی میں زید علی سے ملاقات کی اور ان کا انٹرویو لیا جس کے دوران زید نے بتایا کہ ان کی فیملی ان کے کام کے بارے میں کیا سوچتی ہے۔
ڈان: آپ ہم ٹی اسٹائل ایوارڈز میں پاکستانی انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے طور پر شامل ہورہے ہیں، اس حوالے سے کیا کہیں گے؟ یہاں کا ماحول اور لوگ کیسے لگے؟
زید علی: اصل میں، میں یہاں کے بہت سے اداکاروں سے واقف نہیں ہوں، کیونکہ میں ان کے پاکستانی ڈراموں سے بھی واقف نہیں ہوں، میں فواد خان اور ایچ ایس وائے کو جانتا ہوں، لیکن بہت سے لوگ ہیں جن کے بارے میں، میں کچھ نہیں جانتا، ان لوگوں سے ملنا اچھا لگتا ہے، اس طرح کی انڈسٹری میں گھل مل کر آپ ایسا سوچیں کہ لوگوں میں غرور ہوگا لیکن یہاں سب بہت اچھے ہیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔