صحت

دیسی انڈے مفید یا سفید انڈے؟

طبی فوائد کے حوالے سے دونوں برابر ہیں بس ان کی رنگت میں فرق ہوتا ہے جس کی وجہ مرغیوں کی جینز مختلف ہونا ہے۔

کیا آپ دیسی انڈوں یعنی بھورے یا براﺅن رنگ کے انڈے کو سفید والے کے مقابلے میں صحت کے لیے زیادہ فائدہ سمجھتے ہیں؟

اگر ہاں تو یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کیونکہ بیشتر افراد یہی خیال کرتے ہیں کہ دیسی انڈے سفید انڈوں کے مقابلے میں صحت کے لیے زیادہ فائدہ ہیںجس کی وجہ ان کا مہنگا ہونا ہے۔

تاہم حقیقت تو یہ ہے کہ طبی فوائد کے حوالے سے دونوں برابر ہیں بس ان کی رنگت میں فرق ہوتا ہے جس کی وجہ مرغیوں کی جینز مختلف ہونا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

نیویارک کی کارنیل یونیورسٹی کی تحقیق میںبتایا گیا ہے کہ غذائی حوالے سے دونوں رنگوں کے انڈوں میں کوئی واضح فرق نہیں۔

تحقیق کے مطابق اگرچہ دیسی انڈوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز زیادہ ہوتے ہیں مگر سفید کے مقابلے میں یہ فرق برائے نام ہے۔

درحقیقت انڈوں کی رنگت کا تعین جینز سے ہوتا ہے۔

جی ہاںجو مرغیاں سفید پروں والی ہوتی ہیں وہ سفید رنگ کے انڈے دیتی ہیں۔

اسی طرح دیسی یا گہرے رنگ جیسے سیاہ یا بھورے رنگ کی مرغیاں اس طرح کے براﺅن انڈے دیتی ہیں۔

یہ دیسی انڈے قیمت میں سفید انڈوں سے زیادہ مہنگے ہوتے ہیں جس کی وجہ یہ نہیں کہ یہ صحت کے لیے زیادہ مند ہیں۔

بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسے انڈے دینے والی مرغیاں اپنی سفید کزنز کے مقابلے میں زیادہ خوراک استعمال کرتی ہیں یا یوں کہہ لیں کہ ان کو پالنے کا خرچہ زیادہ ہوتا ہے۔

تو جتنی ان کو پالنے کی لاگت میں اضافہ ہوگا ان دیسی انڈوں کی قیمت بھی بڑھتی چلی جائے گی تاہم صحت کے لحاظ سے یہ سفید انڈوں سے بہتر ہو یا نہ ہو مگر ان کا ذائقہ ضرور مختلف ہوتا ہے۔