پاکستان

بلوچستان میں فائرنگ سے دو کسٹم اہلکار ہلاک

ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے کسٹم حکام کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، ڈپٹی کمشنر مستونگ

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کسٹم اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ ریٹائر کیپٹن فرُخ عتیق نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے شمس آباد کے علاقے میں کسٹم کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو کسٹم اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک زخمی کسٹم اہلکار کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: آپریشن کے دوران جھڑپ میں دو 'دہشت گرد' ہلاک

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ فوری طور پر کسی بھی تنظیم یا گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم ماضی میں بلوچستان میں متعدد عسکری، علیحدگی پسند اور قوم پسند تنظیمیں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں۔

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں فائرنگ، 3 ایف سی اہلکار جاں بحق

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

گذشتہ روز 23 اکتوبر کو ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 کوسٹ گارڈ اہلکار ہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے تھے۔

14 اکتوبر 2016 کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

گذشتہ ماہ 5 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 2 مختلف واقعات میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی قافلے پر بم حملہ، 3 اہلکار ہلاک

اس سے قبل رواں برس 26 اگست کو کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے ایک روز قبل 25 اگست کو بھی ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 7 لیویز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

29 جون 2016 کو بھی کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایف سی کا چوتھا اہلکار بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

اس سے قبل 28 جون 2016 کی شام کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں 2 مختلف حملوں میں پولیس کے 4 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔