کھیل

پاکستان ہاکی ٹیم کو ہندوستان سے شکست

پاکستان کے خلاف 2-3 سے کامیابی کے بعد ہندوستان پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پاکستان تیسرے نمبرپر موجود ہے۔

ہندوستان نے ایشین چمپیئنز ٹرافی ہاکی کے گروپ میچ میں دفاعی چمپیئن پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی۔

ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں جاری ایشین چمپیئنزٹرافی میں روایتی حریف ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم رامندیپ سنگھ کے فیصلہ کن گول نے ہندوستان کو برتری دلادی۔

ہندوستان کی جانب سے پرادیپ مور نے میچ کے گیارھویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی تھی جس کو پاکستان کے محمد رضوان سینیئر نے 31 ویں منٹ میں گول کرکے برابر کردیا۔

محمدعرفان جونیئر نے 39 منٹ میں پاکستان کو برتری دلادی جو زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکی اور چار منٹ بعد روپندرپال سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے میچ کو ایک دفعہ پھر برابر کردیا۔

مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چمپیئن شپ میں پاکستان کی پہلی فتح

میچ کے 44 ویں منٹ میں ہندوستان، رامندیپ سنگھ کے گول کی بدولت فیصلہ کن برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جو میچ کے آخر تک برابر رہی۔

ہندوستانی ٹیم اس کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے اور پاکستان دوناکامیوں اور ایک کامیابی کے ساتھ 3 پوائنٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان ناکام

واضح رہے پاکستان ٹیم کو چمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو 0-1 سے شکست دی تھی۔

پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ 25 اکتوبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی جبکہ گروپ میں آخری میچ چین کے خلاف 27 اکتوبر کو ہوگا۔